محکمہ تعلیم بلوچستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے مابین طلبا و طالبات کے لیے جاری غذائیت پروگرام کے حوالے سے اجلاس

پیر 21 جولائی 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم بلوچستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے مابین طلبا و طالبات کے لیے جاری غذائیت پروگرام کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن اسفند یار خان سمیت ڈبلیو ایف پی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ سکول کے بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے۔ اس ضمن میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے جن کا مقصد پروگرام کے نفاذ کو شفاف، منظم اور نتیجہ خیز بنانا ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی سطح پر نگرانی کے لیے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو سکولوں میں فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار، تقسیم کے عمل اور مجموعی نظم و نسق کی مؤثر نگرانی کریں گی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ، محکمہ تعلیم اور ورلڈ فوڈ پروگرام ایک مشترکہ طریقہ کار کے تحت عمل درآمد کی جامع منصوبہ بندی بھی کریں گے تاکہ وسائل کا درست استعمال اور اہداف کا بروقت حصول ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم بلوچستان اس حوالے سے ایک جامع حکمتِ عملی بھی ترتیب دے رہا ہے جس کے تحت سکول کے تمام طلبہ کو ایسی خوراک فراہم کی جائے گی جو نہ صرف ان کی جسمانی ضروریات کو پورا کرے بلکہ تعلیمی کارکردگی پر بھی مثبت اثر ڈالے۔ اس حکمتِ عملی میں مقامی ضروریات اور زمینی حقائق کو بھی مدِنظر رکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :