نوشہرہ ورکاں،دو لڑکیوں کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف مقد مہ درج ، اہل علاقہ کا گرفتاری کا مطالبہ

منگل 22 جولائی 2025 11:32

نوشہرہ ورکاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) دو لڑکیوں کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ تاحال ملزمان گرفتار نہ ہو سکے، اہل علاقہ اور لواحقین نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ کڑیال کلاں کی رہائشی دو لڑکیوں کواسی گاؤں کے رہائشی نوجوانوں عثمان حنیف، علی شاہد اور فرحان انصاری نے اسلحہ کے زور پر اغواء کیا، اغوا ہونے والی لڑکیوں کے بیان کے مطابق ملزمان آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر کار کے ذریعے نامعلوم مقام پر لے کر دونوں لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور ڈنڈوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بھی کرتے رہے بعد ازاں ملزمان دونوں لڑکیوں کو گوجرانوالہ لے گئے اور وہاں ساحل مسیح نامی شخص کے حوالے کر دیا، جو انہیں راولپنڈی لے گیا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی پہنچ کر دونوں لڑکیوں نے بھاگ کر اپنے اہل خانہ کو اطلاع دی جس پر پولیس نے راولپنڈی سے دونوں لڑکیوں کو بازیاب کرا لیا۔ابتداء میں پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کیا تاہم لڑکیوں کے بیانات پر عثمان حنیف، علی شاہد، فرحان انصاری اور ساحل مسیح کو مقدمے میں نامزد کر دیا گیا۔ پانچ دن گزرنے کے باوجود ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے، متاثرہ خاندان اور اہل دیہہ نے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔\378