جدید زرعی نظام کو کسانوں کی دہلیز تک پہنچا کر غذائی استحکام کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے،ڈاکٹر ذوالفقار علی

بدھ 23 جولائی 2025 10:45

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے ماہرین اور کاشتکاروں کے مابین روابط میں وسعت لائی جا رہی ہے تاکہ جدید زرعی نظام کو کسانوں کی دہلیز تک پہنچا کر نہ صرف غذائی استحکام کا حصول ممکن بنایا جا سکے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ زرعی ترقی کے اہداف بھی حاصل کئے جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن کاشتکاراں کے سیکرٹری اطلاعات رانا محمد خاں، ہم کسان فیڈریشن کے چیئرمین میاں عرفان، شمس الدین، محمد اقبال، اویس اسلم و دیگر سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی رجسٹرار/ٹیکنیکل سٹاف آفیسر محمد آصف صدیق بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ تخفیف غربت کے لئے زرعی شعبے میں ترقی ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں ہمیں جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں تک پہنچانا ہو گا تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بناتے ہوئے دوسرا سبزانقلاب برپا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زرعی شعبے کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔ وفد نے سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر محمد نوید، ڈاکٹر عرفان احمد، ڈاکٹر عبدالوکیل و دیگر سے بھی ملاقات کی۔ ماہرین نے وفد کو جدید ٹیکنالوجی بارے آگاہ کیا۔