کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کو سفید مکھی کے نقصان سے بچانے اورموثر کنٹرول کیلئے محکمانہ سفارشات پر عمل کی ہدایت

بدھ 23 جولائی 2025 13:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ اگرکپاس کی فصل پر کسی جگہ سفید مکھی کی کوئی علامات نظر آئیں تو اس کے موثر کنٹرول کےلئے کاشتکارمحکمہ زراعت کی مفیدسفارشات پر عمل کریں۔کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے انہوں نے بتایا کہ سفید مکھی کی زندگی کا دورانیہ جولائی اور اگست میں زیادہ درجہ حرارت اور حبس کی وجہ سے بہت کم ہو جاتا ہے اس لئے فصل پر حملہ کا خدشہ رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے کسان سفید مکھی کے سپرے میں زیادہ تر بالغ کو دیکھ کر سپرے کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں جو کہ غلط ہے کیونکہ نقصان تو 80 فیصد بچے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سپرے کریں تو شروع سے ہی سفید مکھی کے بچوں کو مارنے والی زہروں کاسپرے لازمی کریں تاہم اب کون سی سپرے بچے اور کون سی بالغ مارتی ہے اس کا جاننا ہر کسان کیلئے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سپرے جو صرف بالغ مکھی پر موثر ہیں ان میں اسیٹامیپرڈ،تھائیو سائکلیم ہائیڈروجن آ کسالیٹ امیڈاکلوپرڈکلوتھیناڈین فلونیکامڈبائی فینتھرن شامل ہیں، اسی طرح سپرے جو بچوں اور انڈوں کو مارتی ہیں ان میں پائری پراکسیفن بیپروفیزین،ڈ ا یا فینتھیوران اسپیروٹیٹرامیٹ،فلو نکا مڈشامل ہیں جبکہ آخری تین بالغ بھی مارتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیاں جدید کیمسٹری کی حامل زہریں بھی مارکیٹ کر رہی ہیں جن کا کنٹرول فیلڈ میں بہت حوصلہ افزا ہے جیسا کہ پائریفلو قینازون اور فلو پائراڈیفیوران وغیرہ ہیں یہ بھی یکساں طور پر بالغ کیساتھ سفید مکھی کے بچوں پر اثرانداز ہوتی ہیں۔