غیر فطری جنسی عمل کے دوران شوہر کے بدترین تشدد سے کومہ میں جانیوالی نئی نویلی دلہن دم توڑ گئی

شہر قائد سے تعلق رکھنے والی متاثرہ لڑکی کو کسی دوسرے ہسپتال میں آپریشن کے بعد تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 جولائی 2025 14:58

غیر فطری جنسی عمل کے دوران شوہر کے بدترین تشدد سے کومہ میں جانیوالی ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شوہر کے بدترین جنسی تشدد سے کومہ میں جانے والی نئی نویلی دلہن دم توڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شوہر کے مبینہ بدترین جنسی تشدد کے بعد کومہ میں جانے والی نوبیاہتا لڑکی انتقال کرگئی، پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کو کسی دوسرے ہسپتال میں آپریشن کے بعد تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، ابتدائی میڈیکل معائنے میں جنسی تشدد کے شواہد ملے، شوہر کے بہیمانہ جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی 19 سالہ شانتی 23 جولائی کی صبح 10 بج کر 45 منٹ پر سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں دم توڑ گئی۔

بغدادی تھانے کے ایس ایچ او مجید علی نے لڑکی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شانتی کی شادی 15 جون کو اشوک نامی شخص سے ہوئی تھی اور دو دن بعد شوہر نے لڑکی کے ساتھ غیر فطری انداز میں جنسی عمل کرتے ہوئے تشدد کیا، جس سے اس کی طبیعت بگڑ گئی، لڑکی کے بھائی کی شکایت پر 5 جولائی کو مقدمہ درج کیا گیا اور اس کے بعد ملزم کو گرفتار بھی کرلیا گیا جب کہ متاثرہ لڑکی کو 7 جولائی کو کومہ کی حالت میں ٹراما سینٹر لایا گیا جہاں وہ تقریبا دو ہفتوں تک زیر علاج رہنے کے بعد آج 23 جولائی کو انتقال کرگئی۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ شکایت کنندہ سیّوں چانگو لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین کا رہائشی ہے، اس کی چھوٹی بہن شانتی جس کی عمر 19 سال ہے، اس کی شادی 15 جون 2025ء کو اشوک موہن سے ہوئی، 30 جون کو بہن کی طبیعت بگڑنے پر اسے واپس گھر لے آئے جہاں اس نے والدین کو بتایا کہ 17 جون کو شوہر نے اس کے ساتھ غیر فطری جنسی عمل کیا، اس دوران ملزم نے مبینہ طور پر اس کے نازک اعضا میں آہنی پائپ ڈال دیا جس کی وجہ سے لڑکی کی طبیعت بگڑگئی۔