صدرمملکت آصف علی زرداری کی شنگھائی میں چیئرمین چیری ہولڈنگ ین تونگیو سے ملاقات

منگل 16 ستمبر 2025 16:34

صدرمملکت آصف علی زرداری کی شنگھائی میں چیئرمین چیری ہولڈنگ ین تونگیو ..
شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے شنگھائی میں چیئرمین چیری ہولڈنگ ین تونگیو سے ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کے ہمراہ خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی تھے۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کو چیری آٹوز کی عالمی کامیابیوں اور ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی گئی۔صدر مملکت نے تفصیلی بریفنگ پر ین تونگیو کا شکریہ ادا کیا اور چیری آٹو کی پاکستان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کمپنی کی الیکٹرک بسوں کو متعارف کرانے اور لوکلائزیشن کو آگے بڑھانے کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے ملک میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے چیئرمین چیری ہولڈنگ کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان الیکٹرک بسوں اور پرزوں کی مقامی پیداوار کے لیے پالیسی معاونت فراہم کرے گی۔ صدر مملکت نے چیری کو الیکٹرک بسوں، منی ٹرکس اور گرین انرجی میں مشترکہ منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے مینوفیکچرنگ، معدنیات اور توانائی ذخیرہ کرنے کے حل میں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ ین تونگیو نے صدر مملکت اور ان کے وفد کو چیری آٹو کے عالمی آپریشنز، تکنیکی جدت کے لیے اس کی وابستگی اور بین الاقوامی منڈیوں میں اس کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں سندھ کے وزراءشرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ کے علاوہ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔