شمعون عباسی کی حمیرا اصغر کی والدہ کے بیان پر شدید تنقید

پچھلے 9 مہینے سے آپ لوگ کہاں تھے ،حمیرا نے آپ سے مدد مانگی تو بیٹی کی مدد اور میت وصولی سے انکار کردیا تھا، اداکار

بدھ 23 جولائی 2025 23:38

شمعون عباسی کی حمیرا اصغر کی والدہ کے بیان پر شدید تنقید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء) اداکار شمعون عباس نے حمیرا اصغر کی والدہ کے کراچی اور کراچی کے لوگوں کو ’بے حس‘ کہنے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔شمعون عباس نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ مجھے حمیرا اصغر کی والدہ کا سوشل میڈیا پر وائرل بیان سن کر بہت افسوس ہوا۔اٴْنہوں نے کہا کہ میرا اب ان سے یہ سوال ہے کہ پچھلے 9 مہینے سے آپ لوگ کہاں تھے ،حمیرا اصغر آپ کی وہی بیٹی ہے جس نے آپ سے مدد مانگی تو آپ لوگوں نے اپنی بیٹی کی مدد کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔

اداکار نے کہا کہ یہ آپ کی وہی بیٹی ہے جس کے والد نے اس کی میت قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا لیکن پھر جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگوں نے تنقید کی تو آپ نے اپنا بیان تبدیل کر لیا۔

(جاری ہے)

اٴْنہوں نے کہا کہ 9 ماہ تک حمیرا سے رابطہ نہ ہونے پر آپ لوگ اتنا بھی نہیں کر سکے کہ اس کے کسی کزن یا پھر اپنے کسی بھی جاننے والے لڑکے کو چند ہزار دے کر کراچی میں حمیرا کی خیرت معلوم کرنے کیلئے بھیج دیتے اور ضرورت پڑنے پر پولیس سے رابطہ کرتے لیکن آپ نے باآسانی اپنی ذمہ داریاں کندھوں سے جھاڑ کر ایک شہر پر الزام لگا دیا کہ کراچی شہر بہت بیدرد ہے اور حمیرا کے ساتھ سب کچھ کراچی کی وجہ سے ہوا۔

شمعون عباسی نے حمیرا اصغر کی والدہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ حمیرا کی قربت تو آپ کے ساتھ تھی، وہ آپ کی بیٹی تھی، آپ کی ذمہ داری تھی، اس طرح کسی پر الزام لگا کر اپنی ذمہ داریوں سے فارغ ہو جانا بڑا آسان کام ہے۔انہوں نے کہا کہ یقینا ہم لوگ آپ کی تکلیف کا اندازہ نہیں لگا سکتے اور تکلیف ہم لوگوں کو بھی ہوئی اور ہم ان لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے جب یہ سنا کہ حمیرا کے والد نے اس کی میت وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے تو ہم اس کی تدفین کے سارے انتظامات کرنے کے لیے تیار تھے۔اداکار نے کہا کہ حمیرا کی موت ایک بہت بڑا سبق دے گئی ہے کہ اپنے چاہنے والوں پر نظر رکھیں، ان سے رابطے میں رہیں اور ان کی خیریت معلوم کرتے رہیں۔