حکومت ’’کے فور ‘‘پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے پر عزم ہے‘معین وٹو

وفاقی وزیرکا گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم کے فور پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

بدھ 23 جولائی 2025 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم ’’کے فور ‘‘پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ پارلیمانی سیکر یٹری آبی وسائل رعنا انصار ، وزیر توانائی ،منصوبہ بندی و ترقیات سندھ سید ناصر حسین شاہ ، نہال ہاشمی اورچیئرمین واپڈا نوید اصغر چوہدری بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔

ممبر واٹر سید علی اختر شاہ اورجنرل منیجر /پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فور پراجیکٹ عامر مغل کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیر نے منصوبے کی اہم سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان سائٹس میں کینجھر جھیل پر بننے والا ان ٹیک سٹرکچر اور پمپنگ سٹیشنز، کینجھر سے کراچی تک پریشرائزڈ پائپ لائن پر مشتمل پانی کی منتقلی کا نظام اور کراچی کے مضافات میں زیر تعمیر واٹر ریزروائیرز اور فلٹریشن پلانٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ ٹیم نے وفاقی وزیر کو تمام سائٹس پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہیں زیر تکمیل باقی کاموں کی ٹائم لائن کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی تمام اہم سائٹس پر تعمیراتی کام تسلی بخش رفتار کے ساتھ جاری ہے۔ منصوبے پر مجمو عی پیش رفت 63فیصد ہے جبکہ منصوبے کی تعمیر پراب تک 86ارب 40کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ اگر درکار فنڈز بروقت دستیاب ہوں،تو پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ 2026میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر میا ں محمد معین وٹو نے پراجیکٹ پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکیا اور منصوبے کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت کے بھر پور تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے فور پراجیکٹ کراچی شہر کی پانی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے نہایت اہم منصوبہ ہے۔

کے فور پراجیکٹ وزارت آبی وسائل کے ترجیحی منصوبوں میں شامل ہیاور حکومت اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لییپر عزم ہے وفاقی وزیر نے تمام سٹیک ہولڈرز کے مابین بہتر رابطے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کنٹر یکٹرز اور کنسلٹنٹس کو ہدایت کی کہ وہ پراجیکٹ کے لیے مقررہ معیارکو یقینی بنائیں۔کے فور پراجیکٹ، کراچی میں پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔

جس کا مقصد کینجھر جھیل سے کراچی کو یومیہ 650ملین گیلن پانی فراہم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہو گا۔ اس وقت واپڈا منصوبے کے پہلے مرحلے پر کام کر رہا ہے جس کے تحت کراچی کو 260 ملین گیلن پانی فراہم ہو گا۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے کی تکمیل پر مزید390ملین گیلن یومیہ پانی مہیا کیا جا سکے گا۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ 8کنٹریکٹ پیکیجزکیتحت معروف مقامی اور بین الاقوامی کنٹریکٹرز کے ذریعے تعمیر کیا جا رہا ہے۔