ایل ڈی اے ایکسپو سینٹر میں ل24 جولائی کو45دکانوں کے پلاٹس کی نیلامی کرے گا

بدھ 23 جولائی 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق نے ٹائون شپ جناح مارکیٹ اور لنک مادرملت روڈ کا دورہ کیا۔چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور ڈائریکٹر آکشن علی بن سہیل نے بریفنگ دی۔ایل ڈی اے پہلے فیز میں 24 جولائی بروز جمعرات ایکسپو سینٹر میں پلاٹس کی نیلامی کرے گا۔ایل ڈی اے جناح مارکیٹ کی41 اور چائلڈ ویلفیئر سنٹر ٹائون شپ کی5 دکانوں کے پلاٹوں کی کل نیلامی کرے گا۔

نیلام عام میں دومرلہ کے19 کمرشل پلاٹس رکھے جائیں گے۔نیلام عام میں160 مربع فٹ،80 مربع فٹ اور90 مربع فٹ کے کمرشل پلاٹس رکھے جائیں گے۔ڈی جی ایل ڈی اے نے جناح مارکیٹ میں پلاٹس کی سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ طاہر فاروق نے سیوریج، ٹف ٹائلز اور دیگر ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جناح مارکیٹ میں کامیاب بولی دہندگان گراونڈ فلور کے علاوہ مزید 2 فلور بھی تعمیر کر سکیں گے۔

کل ہونی والی نیلامی میں کامیاب بولی دہندگان کو جلد قبضہ دیا جائے گا۔بعد ازاں ڈی جی ایل ڈی اے نے لنک روڈ مادرملت تا چوہدری رحمت علی کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔چیف انجینئر ایل ڈی اے نے بریفنگ دی۔ٹائون شپ میں عرصہ دراز سے بند لنک پر سڑک کی تعمیر و مرمت،بحالی کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔منصوبے کی تکمیل سے مادرملت روڈ اور چوہدری رحمت علی روڈ لنک ہو جائے گا،1.3 کلومیٹر دو رویہ سڑک کی تعمیر سے شہریوں کو سہولت ملے گی۔

مون سون بارشوں کے بعد سڑک کی فنشنگ کے بقیہ کام مکمل کر لیے جائیں گے۔ڈی جی یل ڈی اے نے ٹاون شپ کے اس لنک پر موجود مارکیٹ سائٹس کی ڈویلپمنٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر انجینئرنگ عثمان نذر،ڈائریکٹر آکشن علی بن سہیل اور متعلقہ افسران موجود تھے۔