Live Updates

قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی پی آئی اے میں مفت فضائی سفر کی سہولت ختم کرنے کی سفارش

پی آئی اے نجکاری کے عمل میں چار کمپنیاں حصہ لے رہیں،عمل آئندہ ماہ کے آغاز میں مکمل ہونے کی توقع ،بریفنگ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:10

قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی پی آئی اے میں مفت فضائی سفر کی سہولت ختم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے سفارش کی ہے کہ پی آئی اے میں مفت فضائی سفر کی سہولت فوری ختم کر دینی چاہئے۔کمیٹی کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں پی آئی اے کی کارکردگی، سابقہ حکومت میں اس کے نقصانات اور اس کی نجکاری سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں چار کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں اور یہ عمل آئندہ ماہ کے آغاز میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ مزید بتایا گیا کہ تمام کمپنیوں پر حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ قومی ایئر لائن کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا، طیاروں سے قومی پرچم نہیں ہٹایا جائے گا، ملکیت پاکستانی شہریوں کے پاس ہی رہے گی، کسی غیر ملکی فرد یا ادارے کو اکثریتی شیئر ہولڈر بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میں میر علی دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے مسلح افواج اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دشمنی بھارت کی جانب سے شروع کی گئی ایک وسیع مہم کا حصہ ہے۔ قائمہ کمیٹی نے چترال ایئرپورٹ پر پی آئی اے سروسز بحال کرنے اور فوری طور پر کم از کم ایک پرواز چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے سات دن میں عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات