ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ تحفظ ماحولیات کی مشترکہ ٹیم کی کارروائی، خلاف قوانین پانی ڈسچارج کرنے والے صنعتی یونٹس کو سربمہر کردیا گیا

بدھ 23 جولائی 2025 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) واسا فیصل آباد، ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ تحفظ ماحولیات کی مشترکہ ٹیم نے خلاف قوانین حد سے زیادہ پانی ڈسچارج کرنے ولے صنعتی یونٹس کو سربمہر کردیا ہے۔ بدھ کو اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم کی جانب سے مختلف علاقوں میں متعدد صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی جبکہ ٹیم میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ کی نمائندگی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی مقبول احمد نے کی۔

خصوصی ٹیم کی انسپکشن کے دوران سیپٹک اور سلٹ ٹینک نہ بنانے اور صنعتی یونٹس کا ویسٹ واٹر مقرر کردہ حد سے تجاوز کرنے اور واسا سیوریج لائنز میں ڈالنے پر مختلف صنعتی یونٹس کو سربمہر کر دیا گیا۔ اس ضمن میں ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران کئے گئے انتظامات کے تحت صنعتی یونٹس کو حد سے زیادہ ویسٹ واٹر چھوڑنے پر پابندی عائد ہے جبکہ شہریوں کو موسم برسات میں نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی صنعتی یونٹ کو خلاف قانون ویسٹ واٹر واسا کی سیوریج لائنز میں ڈسچارج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے واسا فیصل آباد، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے جامع اور موثر سروے کیا جارہا ہے اور اس سروے میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد نہ کرنے والے صنعتی یونٹس کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سربمہر کر دیا جائے گا۔