راولپنڈی پولیس کی کارروائی، فائرنگ ،راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان گرفتار

بدھ 23 جولائی 2025 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) راولپنڈی پولیس نے فائرنگ ،راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان گرفتار کرلئے ۔پولیس ترجمان کے مطابق صادق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابقہ رنجش پر شہری کے گھر میں داخل ہو کر ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ کا مقدمہ ایک روز قبل درج کیا گیا تھا،زیر حراست شخص کو صادق آباد پولیس نے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

تھانہ بنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راہزنی اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ملوث دورکنی گینگ کوگرفتار کر لیا۔ زیر حراست گینگ سے 6 مسروقہ موٹر سائیکل، مسروقہ رقم 12 ہزار روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔ گینگ اسلحہ کی نوک پر شہریوں کے ساتھ وارداتوں میں ملوث ہے، ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے کہاکہ زیرحراست گینگ کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا، شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔