یورپی یونین، یونیسف اور حکومت بلوچستان کے تعاون سے ورچوئل اکیڈمی فار ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا افتتاح

بدھ 23 جولائی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) یورپی یونین ،یونیسف اور حکومت بلوچستان کےتعاون سےاساتذہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ورچوئل اکیڈمی فار ٹیچرز ٹریننگ(ویٹ) پروگرام کا افتتاح کر دیا گیا ،صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے حکام سمیت اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

صوبائی وزیر راحیلہ درانی نے اساتذہ کی ورچوئل ٹریننگ اور تربیت کے حوالے سے آن لائن ٹریننگ کے انعقاد کو تعلیمی نظام میں انقلابی اقدام قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبے میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، حال ہی میں تین ہزار سکول دوبارہ کھولے گئے ہیں اور 11 ہزار نئے اساتذہ کی بھرتی کئے گئے ہیں جو اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم نے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے یونیسف اور دیگر تنظیموں کے تعاون کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے ، اساتذہ کو تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہےاور ان کے بغیر بہتر تعلیمی نظام کا قیام ممکن نہیں ،صوبائی حکومت تعلیمی پالیسیوں پر مسلسل نظرثانی کر رہی ہے، کوئٹہ میں تعلیمی شرح 51 فیصد ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی بہتری آ رہی ہے ،گزشتہ سال سے اب تک سکولوں سے باہر 2 لاکھ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرایا گیا ہے تاہم اب بھی ہزاروں بچے سکولوں سے باہر ہیں،ان بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کے لیے مختلف پروجیکٹس شروع کیے جا رہے ہیں اور سکولوں کے لیے بس سروس بھی شروع کرنے کا منصوبہ ہے ،انہوں نے کہا کہ اس ٹریننگ سے صوبے کے ہزاروں اساتذہ کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی۔