محکمہ توانائی بلوچستان کے سیکرٹری داودبازئی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی رابطہ اجلاس

بدھ 23 جولائی 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) محکمہ توانائی بلوچستان کے سیکرٹری داؤدبازئی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی رابطہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صنعتی اسٹیٹس میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو عوامی و نجی شراکت داری ( پی پی پی ) ماڈل کے تحت فروغ دینے کے لیے حکمتِ عملی اور عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ( بی بی او آئی ٹی ) کے وفد نے شرکت کی، جس کی قیادت وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کی۔

بی بی او آئی ٹی نے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے، آگاہی مہمات چلانیاور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا جا سکے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سوئی ریجن میں پائی جانیوالی لو بی ٹی یو گیس کے ذخائر کو پاور اور فرٹیلائزر سیکٹرکیلئے برائے کار لانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلال خان کاکڑ نے کہاکہ یہ اقدام بلوچستان کی معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے، ہم ممکنہ سرمایہ کاروں کو مکمل انفراسٹرکچر، ریگولیٹری رہنمائی، اور مقامی شراکت داری کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہمارا مشترکہ مشن یہ ہے کہ بلوچستان کو قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور قابلِ عمل مقام کے طور پر پیش کریں۔

سیکرٹری توانائی داؤد بازئی نے عوامی و نجی شراکت داری کے فریم ورک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج کا اجلاس بلوچستان کی قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ صوبائی بورڈ کی ہم آہنگی، وفاقی حکومت کی پالیسی معاونت، اور نجی شعبے کی دلچسپی کے ساتھ، ہم صنعتی منظرنامے کو بدلنے اور طویل مدتی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں،اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری توانائی صاحبزادہ نجیب اللہ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر فیصل کاکڑ، اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے پی پی پی ماڈلز کو آسان بنانے، منظوری کے عمل کو تیز کرنے، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔