کینیڈا کا غزہ میں اقوام متحدہ کی زیر قیادت امداد کی فراہمی فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ

جمعرات 24 جولائی 2025 12:21

اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) کینیڈا کی حکومت نے کہا کہ غزہ میں شہریوں اور امدادی کارکنوں کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کینیڈا کی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز ایکس پر بیان میں غزہ میں اقوام متحدہ کی زیر قیادت امداد کی تقسیم کو فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

وزارت نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے عملے اور عمارات ، ورلڈ فوڈ پروگرام کے امدادی قافلوں کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیاں اور خوراک اور پانی کی تلاش میں امدادی مراکز پر جمع ہونے والے نہتے فلسطینیوں کا تسلسل کے ساتھ قتل ناقابل قبول ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ غزہ میں بھوک تباہ کن سطح پر پہنچ گئی ہے۔کینیڈا اقوام متحدہ کی زیر قیادت امداد کی فراہمی کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتا ہے۔