یورپی یونین میں 2024 کے دوران وی اے ٹی ریونیو کی مد میں 33 ارب یورو سے زائد کی وصولی

جمعرات 24 جولائی 2025 16:27

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) یورپی یونین میں 2024 کے دوران وی اے ٹی ریونیو کی مد میں 33 ارب یورو سے زائد کی وصولی ہوئی۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک کی جانب سے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے دوران ای-کامرس وی اے ٹی نظام کے تحت 33 ارب یورو سے زائد ریونیو حاصل ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ 2021 کی اصلاحات نے ٹیکس ادائیگی کو آسان بنانے، کاروبارکی معاونت اور منصفانہ ٹیکس نظام کو فروغ دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ون اسٹاپ شاپ (او ایس ایس ) اور امپورٹ ون اسٹاپ شاپ کے ذریعے کاروبار صرف ایک رکن ریاست میں رجسٹریشن کے بعد یورپی یونین کے اندر سرحد پار اشیاء اور خدمات کی فروخت اور کم مالیت کی درآمدات پر وی اے ٹی کا اعلان اور ادائیگی کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار اس امر کی تصدیق کرتے ہیں کہ کاروبار ان آسانیوں سے مکمل فائدہ اٹھا رہے ہیں جس سے نہ صرف انتظامی پیچیدگیاں کم ہو رہی ہیں بلکہ ٹیکس وصولی بھی یقینی بن رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق یونین او ایس ایس کے ذریعے 24 ارب یورو ،نان یونین او ایس ایس کے ذریعے 2.8 ارب یورو اور امپورٹ او ایس ایس سے 6.3 ارب یورو وی ات ٹی ریونیو حاصل کیا گیا،یہ مجموعی اعداد و شمار 2023 کے مقابلے میں وی اے ٹی ریونیو میں 26 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ نتائج اس بات کی واضح دلیل ہیں کہ یورپی یونین کے وی اے ٹی نظام کی اصلاحات نے نہ صرف ٹیکس نظام کو بہتر بنایا بلکہ بین الاقوامی ای-کامرس کو آسان بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :