مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ڈاکٹرز کی اولین ذمہ داری ہے، چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد

جمعرات 24 جولائی 2025 16:36

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کے ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ونگ کی جانب سے ایس پی آرز اور ٹی آرز کے لئے اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں 60 کے قریب ایس پی آرز اور ٹی آرز نے شرکت کی۔ سیشن کے مہمانِ خصوصی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل اور رکن بورڈ آف گورنر (بی او جی)پروفیسر ڈاکٹر عالم زیب منان تھے۔

چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہترین اخلاق کے ساتھ علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ڈاکٹرز کی اولین ذمہ داری ہے، ادارے کی بہتری کے لئے ہر سطح پر مثبت کردار ادا کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ڈاکٹرز کے لئے لائبریری قائم کی گئی ہے جبکہ ہاسٹلز کی رینوویشن کا کام بھی جاری ہے، ڈاکٹرز کی فلاح و بہبود کے لئے مزید منصوبے تیار کئے جا رہے ہیں۔

ایس پی آرز کی سروس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے ڈین ایوب میڈیکل کالج کو ہدایت دی کہ ان کا ایجنڈا آئندہ بورڈ میٹنگ میں پیش کر کے اس پر تفصیلی غور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب خوش نصیب ہیں کہ 740 درخواست دہندگان میں سے منتخب ہو کر آپ اس مقام تک پہنچے ہیں، یہ آپ کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے اس لئے آپ کو لگن سے کام کرنا ہو گا، ادارہ آپ کی سہولیات کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گا۔