یوروزون میں کاروباری سرگرمیاں جولائی میں 11 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

جمعرات 24 جولائی 2025 16:58

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) یوروزون میں کاروباری سرگرمیوں میں جولائی کے مہینے میں مسلسل ساتویں ماہ اضافہ دیکھنے میں آیا اور کاروباری سرگرمیوں کی شرح نمو 11 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق ایچ سی او بی فلیش یوروزون پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس (پی ایم آئی) رواں سال جولائی میں 51.0 رہا جو جون میں 50.6 تھا،50 سے اوپر کا انڈیکس معیشت میں توسیع کو ظاہر کرتا ہے جبکہ 50 سے کم انڈیکس کا مطلب سکڑاؤ ہوتا ہے۔

سروے کے مطابق اگرچہ یہ ترقی معمولی ہے لیکن رفتار مسلسل دوسرے مہینے تیز ہوئی ہے اور یہ گزشتہ سال اگست کے بعد سب سے تیز رفتار ہے۔ہیمبرگ کمرشل بینک کے چیف ماہر اقتصادیات سائرس ڈی لا روبیا نے کہاکہ یوروزون کی معیشت بظاہر بتدریج رفتار پکڑ رہی ہے، مینوفیکچرنگ کے شعبے میں کساد بازاری ختم ہو رہی ہے اور جولائی میں سروسز سیکٹر کی ترقی میں بھی معمولی تیزی آئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مجموعی پیداوار میں اضافہ دونوں شعبوں یعنی مینوفیکچرنگ اور سروسز کی بنیاد پر ہوا تاہم سروسز سیکٹر میں چار ماہ کی سب سے زیادہ ترقی دیکھی گئی۔یورپی معیشت کے اہم ستون جرمنی نے متواتر دوسرے مہینے پیداوار میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جو بحالی کی حوصلہ افزا علامت ہے تاہم اس کے برعکس فرانس میں کاروباری سرگرمیاں ایک بار پھر کم ہوئیں۔ڈی لا روبیا نے کہاکہ مینوفیکچرنگ آؤٹ پٹ میں مسلسل پانچویں ماہ بہتری دیکھی گئی ہے، جرمنی یہاں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے تاہم یوروزون کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو طویل مدتی اور مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ فرانسیسی صنعت بھی دوبارہ مضبوط ہو۔

متعلقہ عنوان :