سیالکوٹ، میتھی کے کاشتکاروں کو میتھی کی فصل کی بروقت کاشت یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 24 جولائی 2025 17:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ کی جانب سے میتھی کے کاشتکاروں کو میتھی کی فصل کی بروقت کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ رانا سلیم شاد نے کہا ہے کہ کاشتکارموسم کے مطابق میتھی کی فصل کی بروقت کاشت کو یقینی بنائیں تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔

جمعرات کو سرکاری خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اگست کے وسط سے اکتوبر تک کا وقت میتھی کی کاشت کے لیے موزوں ہے۔انہوں نے بتایا کہ میتھی کو ایسی زمین میں کاشت کرنا چاہیے جو نرم، بھربھری اور پانی کے نکاس کی صلاحیت رکھتی ہو،زمین کی تیاری کے لیے دو سے تین گہرے ہل دینے کے بعد سہاگہ چلا کر زمین کو اچھی طرح ہموار کر لیا جائے۔

(جاری ہے)

کاشتکار فی ایکڑ کے حساب سے 10 سے 12 کلو گرام صاف اور صحت مند بیج استعمال کریں اور بیج کو بونے سے قبل نیم گرم پانی میں 8 سے 10 گھنٹے بھگو دینا فصل کے اگاؤ کو بہتر بناتا ہے۔فی ایکڑ زمین کے لیے 2 سے 3 ٹن گلی سڑی گوبر کی کھاد ڈالنا فصل کے لیے مفید ہے جبکہ ڈی اے پی 1 بوری، پوٹاش آدھی بوری اور یوریا کو دو قسطوں میں استعمال کرنا چاہیے، تاکہ پودوں کی نشوونما بہتر ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلا پانی فوری طور پر بیج بونے کے بعد دیا جائے، اس کے بعد ہر 7 سے 10 دن کے وقفے سے پانی دیا جائے تاہم موسم اور زمین کی نمی کو مدنظر رکھ کر آبپاشی کی فریکوئنسی میں کمی بیشی کی جا سکتی ہے۔میتھی کی فصل کو جڑی بوٹیوں سے محفوظ رکھنا بھی انتہائی ضروری ہے،کاشت کے ابتدائی 25 سے 30 دنوں کے دوران دو سے تین گوڈیاں کرنا فصل کو صحتمند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر میتھی کو پتوں کے لیے اگایا گیا ہو تو 35 سے 45 دن میں فصل کاٹ لی جاتی ہے، جبکہ دانے کے لیے اگائی گئی فصل 90 سے 100 دن میں تیار ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت کاشت کریں اور جدید زرعی طریقوں کو اپنائیں تاکہ فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔اس حوالے سے مزید معلومات کےلیے کاشتکار محکمہ زراعت کے عملہ یا مقامی دفاتر میں رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :