والدین پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو ودیگر بیماریوں سے بچاؤکے لیے بارہ ٹیکوں اور ویکسین کا کورس محکمہ صحت سے ضرور مکمل کروائیں،احسان اللہ خان میانخیل

جمعہ 25 جولائی 2025 14:40

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو ودیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بارہ ٹیکوں اور ویکسین کا کورس محکمہ صحت سے ضرور مکمل کرائیں ، لوگوں کے اندر یہ بے بنیاد اور غلط پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ یہ ٹیکے اور ویکسین لگانے سے مختلف بیماریاں پھیلتی ہیں، جبکہ حقیقت میں یہ ٹیکے اور ویکسین لگانا بیماریوں سے بچاؤ کا ذریعہ ہیں بلکہ علماء اس حوالے سے فتویٰ بھی دے چکے ہیں کہ ٹیکے اور ویکسین لگانا شرعی طور پر درست ہیں۔

ان خیالات کا اظہار احسان اللہ خان میانخیل رکن صوبائی اسمبلی اور فخراللہ خان میانخیل چیئر مین تحصیل کونسل پروآ، ڈیرہ اسماعیل خان نے ہمدم ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام '' کمیونٹی انگیجمنٹ سیشن'' میں کیا۔

(جاری ہے)

یہ تقریب محکمہ صحت اور یونیسف خیبر پختونخواہ کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں " سی ایس اوز بگ کیچ اپ ای پی آئی مہم "کے تحت بچوں کی مکمل ویکسینیشن کی افادیت اور پروگرام کی کامیابی ا ور اہمیت کو اجا گر کیا گیا ۔

تقریب میں ای پی آئی پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرحمان سدیس، امجد جہانگیر، ابوالمعظم ترابی کالم نویس وصحافی اور عبدالغفور ڈائریکٹر ہمدم ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن نے بھی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر احسان اللہ خان میانخیل رکن صوبائی اسمبلی تحصیل درابن کلاں ، فخراللہ خان میانخیل چیئر مین تحصیل کونسل پروآ، ابوالمعظم ترابی کالم نویس وصحافی اور گلشن پروین سوشل ورکر کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسان اللہ خان میانخیل رکن صوبائی اسمبلی اور دیگر نے کہا کہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں ، حکومت بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، انہوں نے کہاکہ5سال تک کے بچوں کو 12جان لیوا بیماروں سے بچانے کیلئے مفت حفاظتی ٹیکوں کا کورس کرانا انتہائی ضروری ہے۔\378