ایبٹ آباد،محکمہ جنگلات کے تعاون سے ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کے احاطہ میں شجرکاری مہم کے تحت250 پھلدار پودے لگائے گئے

جمعہ 25 جولائی 2025 16:09

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) محکمہ جنگلات ایبٹ آباد کے تعاون سے ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں مون سون شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔مہم کا افتتاح سپرنٹنڈنٹ جیل سید محمد جنید نے پودا لگا کر کیا،اس مہم کے تحت جیل کے احاطہ میں مختلف اقسام کے پھلدار درختوں کے250کے قریب پودے لگائے گئے۔شجرکاری مہم میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر ایبٹ آباد دضوان اور اسسٹنٹ سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر سید احسن شاہ نے خصوصی شرکت کی۔

اس مہم کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، جیل کے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانا اور قیدیوں میں مثبت سرگرمیوں کا شعور اجاگر کرنا تھا۔ پھلدار پودوں کی شجرکاری سے نہ صرف جیل کا ماحول بہتر ہوگا بلکہ قیدیوں کو باغبانی اور سبزہ کاری میں عملی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد سیدمحمد جنید نے اس موقع پر کہا کہ ایسے اقدامات قیدیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت پر مثبت اثر ڈالتے ہیں اور انہیں معاشرے کا مفید فرد بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے محکمہ جنگلات کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کی اس مہم میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔محکمہ جنگلات کے نمائندہ ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر ایبٹ آباد نے کہا کہ مون سون کا موسم شجرکاری کے لیے انتہائی موزوں ہے اور اس موقع پر زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کے جذبے کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات میں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔شجرکاری مہم کے دوران جیل سٹاف، قیدیوں اور محکمہ جنگلات کے عملہ نے مل کر پودے لگائے اور اس بات کا عہد کیا کہ ان پودوں کی دیکھ بھال باقاعدگی سے کی جائے گی تاکہ وہ تناور درخت بن کر ماحولیاتی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :