سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سب جیل پنڈی بھٹیاں کا افتتاح کر دیا

جمعہ 25 جولائی 2025 17:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سب جیل پنڈی بھٹیاں کا افتتاح کر دیا۔ سیکرٹری داخلہ کی آمد پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی ہے۔آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن عاصم رضا، ریجنل ڈی آئی جی نوید رف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق سیکرٹری داخلہ نے نو تعمیر شدہ جیل کے مختلف حصوں ،قیدیوں کی بیرکس، ڈسپنسری، کچن، ملاقاتی ایریا، ایڈمن اور رہائشی بلاک کا دورہ کیا اور سپرنٹنڈنٹ جیل سے بریفنگ لی۔

سیکرٹری داخلہ نے بیرکس میں قیدیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انکے مسائل جانے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے سب جیل پنڈی بھٹیاں کے ملاقاتی شیڈ میں پنکھوں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے جیل میں سوئی گیس کنکشن کیلئے فوری سوئی نادرن اتھارٹیز سے معاملہ اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات اور پنجاب بھر کے جیل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ نادار اسیران کو مفت قانونی مشاورت اور وکیل کی سہولت فراہم کی جائے۔

پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو حفظانِ صحت کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح اسیران سے ملاقات کیلئے ایڈوانس آن لائن بکنگ سسٹم کو جلد فعال کیا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ جیلوں میں انسداد ڈینگی مہم کو تیز اور موثر بنایا جائے۔ جیل سپرنٹنڈنٹس تمام جیلوں میں بہترین صفائی اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔ اسیران کی نفسیاتی تشخیص اور میڈیکل سکریننگ باقاعدگی سے کروائی جائے اور تمام سپرنٹنڈنٹ جیل محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔