دکاندار لائسنس کے بغیر گندم میں ركھنے والی گولی کی فروخت نہیں کرسکتے،صباتحسین

جمعہ 25 جولائی 2025 17:08

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹی سائیڈ اینڈ پلانٹ پرٹیکسیشن سمبڑیال صباتحسین نے کہا ہے کہ دکاندار لائسنس کے بغیر گندم میں ركھنے والی گولی کی فروخت نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام پیسٹی سائیڈ ڈیلرز ، کمیشن ایجنٹس ، کریانہ سٹور مالکان گندم گولی کی خریدو فروخت لائسنس کے بغیر ہرگز نہ کریں اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم گولی کی سیل کیلئے لائسنس ، دیلر شپ ، نوائسز ، سیل کا الگ سے ریکارڈ ، سٹاک کا ریکارڈ اورگاہک کا شناختی کارڈ جسے گندم گولی بیچی گئی سیلر کے پاس ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں ، خواتین اور ذہنی طور پر مفلوج لوگوں کو گندم گولی بیچنا ممنوع ہے ، گندم گولی بیچتے وقت خریدار سے شناختی کارڈ ضرور وصول کریں اور اپنے پاس باقاعدہ ریکارڈ رکھیں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم گولی کی غیر قانونی سیل کے بارے میں محکمہ پیسٹی کو آگاہی دیں اور آگاہی دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔