نوتعینات کمشنر سکھر کا ضلع خیرپور کی انتظامیہ کے ساتھ تعارفی اجلاس

جمعہ 25 جولائی 2025 20:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) نوتعینات کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے خیرپور میں مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران سے تعارفی اجلاس منعقد کیا ۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور فیاض حسین راہوجو نے ضلع خیرپور کی تاریخ، حدود، جغرافیہ، تعلیم، صحت، ترقیاتی منصوبوں، میونسپل سروسز، زراعت اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر عابد سلیم قریشی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری محکمے عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے بریفنگ تیار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور ان علاقوں میں خاص توجہ دینے کی ہدایت کی جہاں طلبہ کو تعلیمی سہولیات تک رسائی میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، وہاں آؤٹ سورسنگ جیسے طریقہ کار پر بھی کام کیا جانا چاہیے تاکہ مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

صحت کے حوالے سے انہوں نے زور دیا کہ پولیو اور موذی امراض پر قابو پانے کے لیے ایک مؤثر اور مضبوط نظام وضع کیا جائے۔ زراعت کے شعبے میں فصلوں کی بہتر نگہداشت اور عوامی ضرورت کے مطابق اجناس کی مارکیٹ تک رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال حسین جنڈان، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، صحت، انسداد پولیو افسران سمیت 50 سے زائد محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :