ٹیبل ٹینس کے فروغ کے لئے بچوں کو مناسب سہولیات اور سرپرستی کی ضرورت ہے، کوچ ابراہیم خان

ہفتہ 26 جولائی 2025 11:37

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے ٹیبل ٹینس کوچ ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ہزارہ ڈویژن میں ٹیبل ٹینس کے حوالہ سے کافی ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اس کھیل کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات اور جدید تربیت فراہم کی جائے۔ وہ ہفتہ کو یہاں جونیئر ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کے سمر کیمپ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں کھلاڑیوں میں جذبہ اور صلاحیت موجود ہے لیکن یہاں مسائل بھی بہت ہیں، سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ایبٹ آباد میں ٹیبل ٹینس کے کھلاڑیوں کےلئے علیحدہ کھیلنے کی جگہ موجود نہیں جس کی وجہ سے کھلاڑی دیگر کھیلوں کے ساتھ ایک ہی ہال میں پریکٹس کرنے پر مجبور ہیں، ہر کھیل کیلئے علیحدہ ہال ہونا ضروری ہے تاکہ کھلاڑی پوری توجہ اپنی تربیت پر مرکوز کر سکیں۔

(جاری ہے)

ابراہیم خان نے کہا کہ اس سمر کیمپ میں 15 جونیئر کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں جن میں ہنزلہ، حذیفہ، حسن، ماہ نور، صفہیان اور حمزہ نمایاں ٹیلنٹ کے طور پر سامنے آئے ہیں، یہ کھلاڑی اگر مسلسل محنت اور مناسب مواقع حاصل کریں تو مستقبل قریب میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کے تمام کھلاڑی محنتی ہیں اور کوچز کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں، اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہزارہ ڈویژن میں ٹیبل ٹینس کے فروغ کے روشن امکانات موجود ہیں، حکومت اور محکمہ کھیل کے حکام سے اپیل ہے کہ وہ ایبٹ آباد سمیت ہزارہ ڈویژن کے تمام کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کریں، علیحدہ ہال اور تربیتی مراکز قائم کئے جائیں تاکہ یہ بچے اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔

ابراہیم خان نے کہا کہ کھیل کے فروغ میں انفراسٹرکچر بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اگر ہم آج بہتر اقدامات کریں تو مستقبل میں یہ کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھا کر دنیا میں ملک کانام روشن کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :