کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے بھارت میں کسی بھی ایونٹ میں شرکت سے قبل پیشگی منظوری لازمی قرار

ہفتہ 26 جولائی 2025 18:11

کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے بھارت میں کسی بھی ایونٹ میں شرکت سے قبل پیشگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں تمام قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھارت میں ہونے والے کسی بھی کھیلوں کے ایونٹ میں شرکت سے قبل مشاورت اور پیشگی منظوری حاصل کریں، یہ اقدام موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹ کے مطابق پی ایس بی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ 23 جولائی 2025 کو ہونے والے پی ایس بی کے بورڈ کے 34ویں اجلاس میں کیا گیا۔اس ضمن میں جاری کردہ سرکلر میں تمام قومی فیڈریشنز کو سختی سے اس ہدایت پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔سرکلر میں کہا گیا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر، کوئی بھی قومی فیڈریشن بھارت میں کھیلوں کے ایونٹس میں شرکت کے حوالے سے کسی قسم کا معاہدہ یا وعدہ پی ایس بی کی پیشگی اجازت کے بغیر نہیں کرے گی۔