ایف ڈی اے کا تجاوزات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری

ہفتہ 26 جولائی 2025 17:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی انفورسمنٹ ٹیم نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز، تجاوزات اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ستیانہ روڈ پر دو غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار، دفاتر کو سر بمہر، علامہ اقبال کالونی میں پختہ تجاوزات کا صفایا اور مدینہ ٹاؤن میں ناجائز تعمیرات و غیر قانونی کمرشلائزیشن پر دس پلاٹس کو سربمہر کر دیا۔

ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں بلڈنگ لاز اور لینڈ سب ڈویژن پر عملدرآمد کے حوالے سے انسپکشن کی تو ستیانہ روڈ پر دو ہاؤسنگ سکیموں بلاسم ایونیو اور پام سٹی کو غیر قانونی پایا جن کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا جبکہ مدینہ ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشلائزیشن اور ناجائز تعمیرات کی پاداش میں دس پلاٹس کو سربمہر کرنے کے علاوہ علامہ اقبال کالونی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پختہ دھڑوں، ریمپس اور دیگر ناجائز تعمیرات کا صفایا کردیاگیا۔

(جاری ہے)

ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ ہاؤسنگ سکیموں کے قیام اور رہائشی جائیدادوں کو کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے لئے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :