ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت یومِ آزادی اور ”معرکہ حق“ تقریبات کے شایانِ شان انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس

ہفتہ 26 جولائی 2025 20:51

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت 79 ویں یومِ آزادی اور ”معرکہ حق“ تقریبات 2025 کے شایانِ شان انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا جس میں تقریبات کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی۔ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں جشنِ آزادی کے موقع پر تقریبات کے انعقاد، سکیورٹی کے انتظامات، عوامی شمولیت اور تزئین و آرائش سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری و نجی عمارتوں کو سبز و سفید روشنیوں سے مزین کیا جائے تاکہ شہر بھر میں قومی رنگ نمایاں ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے 14 اگست تک خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن کا مقصد صرف یومِ آزادی کا جشن منانا نہیں بلکہ ”معرکہ حق“میں پاکستانی افواج کی بے مثال بہادری، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا بھی ہے۔

”معرکہ حق“ان لمحات کی یادگار ہے جب پاکستانی افواج نے دشمن کی جارحیت کے خلاف فولادی عزم اور ناقابلِ تسخیر جذبے کے ساتھ مقابلہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ان تقریبات کا مقصد نئی نسل کو ان قومی ہیروز کی قربانیوں سے روشناس کرانا اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ 14 اگست 2025 کو جشنِ آزادی کی تقریبات کو نہایت منظم، پُرامن اور بامقصد طریقے سے منایا جائے تاکہ عوام کو قومی یگانگت، اتحاد اور وطن سے وفاداری کا پیغام دیا جا سکے۔

اجلاس میں پرچم کشائی، ملی نغموں، آزادی واک، سیمینارز، تصویری و ادبی مقابلوں اور ثقافتی تقریبات کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ امسال یومِ آزادی صرف ایک قومی تقریب نہیں بلکہ ایک عہدِ نو کا آغاز ہوگا، جس میں ”معرکہ حق“کی یاد کو زندہ رکھتے ہوئے ہم اپنی نئی نسل کو قوم کی نظریاتی بنیادوں سے جوڑنے کا عزم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :