کاشتکارشکرقندی کی اگیتی فصل کی برداشت پر بھرپور توجہ دیں ، محکمہ زراعت

ہفتہ 26 جولائی 2025 20:51

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) محکمہ زراعت (توسیع)سیالکوٹ نے شکرقندی کے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اگیتی فصل کی بروقت برداشت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ معیاری پیداوار حاصل کی جا سکے۔ زراعت آفیسر مرکز کینٹ عمار عبداللہ نے ہفتہ کو ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شکرقندی کی اگیتی فصل کی برداشت کا آغاز اگست میں ہو جاتا ہے جبکہ معمول کی فصل نومبر اور دسمبر میں تیار ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فصل کی برداشت کے دوران بیلوں کو کاٹ کر مناسب اوزاروں کی مدد سے زمین سے شکرقندی نکالی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

برداشت کے بعد شکرقندی کو تقریباً 15 سے 20 دن تک 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر رکھنا بہتر ہوتا ہے تاکہ اس کی کوالٹی برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ اگر شکرقندی کو ذخیرہ کرنا ہو تو گودام میں نمی کا تناسب تقریباً 70 فیصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب شکرقندی کو 2 سے 3 ماہ کے لیے محفوظ کیا جاتا ہے تو اس میں موجود نشاستہ شکر میں تبدیل ہو جاتا ہے، جس سے اس کی مٹھاس میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔عمار عبداللہ نے مزید کہا کہ بہتر پیداوار اور ذائقہ دار شکرقندی کے حصول کے لیے کاشتکاروں کو برداشت، درجہ حرارت اور نمی کے مناسب انتظامات پر خاص توجہ دینی چاہیے۔