ڈی جی نیب لاہور کی زیرنگرانی کھلی کچہری کا انعقاد، متاثرین کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل غلام صفدر شاہ نے نیب لاہور آفس میں اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا، کھلی کچہری میں مختلف کرپشن سکینڈلز سے متاثرہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے تمام متاثرین کے مسائل کو ازخود سنا اور بروقت حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

کھلی کچہری میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب نے کہا کہ نیب لاہور نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت پہلی گرفتاری پرعملدرآمد کرتے ہوئے ایک اہم پیش رفت کی ہے جو کرپشن کے خلاف نیب کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین نیب کی ہدایات پر عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں شریک متاثرین میں فیوچر ویژن سکینڈل، بحریہ کوزین سکینڈل، اومیگا ہائوسنگ سکینڈل اور نیو لاہور سٹی کے متاثرین شامل تھے۔ علاوہ ازیں پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی، خیابان امین ہائوسنگ سوسائٹی ، ایڈن گارڈن اور پروفیشنل کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے بھی شرکت کی۔ ڈی جی نیب لاہور نے فیوچر ویژن سکینڈل میں متاثرین کی شکایات پر تحقیقات کو انکوائری کے مراحل میں داخل کرنے کے احکامات صادر کیے اور ہدایت کی کہ پونزی سکیموں میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل ) میں ڈلوانے کے لئے اقدامات مکمل کئے جائیں ۔

اس موقع پر ڈی جی نیب نے آگاہ کیا کہ ملزمان کیخلاف اقدامات کیلئے چیئرمین نیب کی ہر مرحلے پررہنمائی حاصل ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملزمان کیفر کردار تک پہنچیں۔ڈی جی نیب نے واضع کیا کہ متاثرین کو متعلقہ سوسائٹی انتظامیہ کے روبرو بٹھا کر مسائل حل کئے جارہے اور درخواستوں پر ہفتہ وار پیش رفت کی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ شفافیت اور بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

نیب لاہور کی مسلسل کاوشوں کی بدولت ہزاروں متاثرین کو اربوں روپے کی ریکوری کروائی گئی ہے۔ کھلی کچہری میں موجود متاثرین نے ڈی جی نیب لاہور کے اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا اور ماہانہ بنیادوں پر کھلی کچہریوں کے انعقاد کو چیئرمین نیب کے "عوام دوست ویژن" کی حقیقی ترجمانی قرار دیا۔