موجودہ معاشرتی حالات میں بزرگوں کو تنہائی، نظراندازی اور ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اتوار 27 جولائی 2025 16:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بزرگ کسی بھی معاشرے کی بنیاد، تجربے کا خزانہ اور ہمارے دینی و معاشرتی نظام کا قابلِ فخر حصہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو شیڈ ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے ادارے اولڈ ایج ہوم مسکن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بزرگوں کا احترام کرنا نہ صرف ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے بلکہ یہ ہماری تہذیبی پہچان بھی ہے، موجودہ معاشرتی حالات میں بزرگوں کو تنہائی، نظراندازی اور ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی بنیادی وجہ خاندانی نظام کی ٹوٹ پھوٹ اور سماجی بے حسی ہے۔ انہوں نے حکومت، فلاحی اداروں اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ بزرگوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں، انہیں معیاری طبی سہولیات، سماجی تحفظ اور خوشگوار ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنی زندگی کا یہ مرحلہ سکون اور عزت کے ساتھ گزار سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شیڈ ٹرسٹ کی جانب سے بزرگوں کے لیے قائم کردہ "مسکن" اولڈ ایج ہوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے انسانیت کی حقیقی خدمت انجام دے رہے ہیں جو ہمارے معاشرے میں محبت، خیال اور قدر دانی کے جذبے کو زندہ رکھتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے بزرگ مکینوں میں تحائف تقسیم کیے، ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے چہروں پر خوشی بکھیر کر انسان دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

متعلقہ عنوان :