Live Updates

دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب، متعدد دیہات زیر آب، الرٹ جاری

سیلابی ریلا تونسہ سے ڈی جی خان کی حدود میں داخل ہوگیا‘ جھنگ میں دریائے چناب میں طغیانی سے 10 سے زائد دیہات زیر آب آ گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 جولائی 2025 14:54

دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب، متعدد دیہات زیر آب، الرٹ جاری
ڈیرہ غازی خان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 جولائی ۔2025 )دریائے سندھ کا بڑا سیلابی ریلا کئی شہروں کی حدود میں داخل ہو گیا جس کے باعث متعدد دیہات زیر آب آ گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے دریائے سندھ کا بڑا سیلابی ریلا تونسہ سے ڈی جی خان کی حدود میں داخل ہوگیا جبکہ جھنگ میں دریائے چناب میں طغیانی سے 10 سے زائد دیہات زیر آب آ گئے ہیں.

وسیع رقبے پر کھڑی فصلوں اور آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا، رابطہ سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ راجن پور میں فصلوں کو نقصان پہنچا، دوسری جانب حافظ آباد میں دریائے چناب کے گرد کٹاو میں اضافہ ہو گیا، متعدد دیہات کی سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی دریا برد ہوچکی ہے.

(جاری ہے)

علاوہ ازیں تونسہ شریف کے مقام پر بھی دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، فصلیں اور دیہات پانی میں ڈوب گئے، انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیاں جاری رہیں، کشمور میں گڈو بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جس کے باعث درمیانے درجے کا سیلاب ڈکلیئر کر دیا گیا ہے ادھر حافظ آباد، سکھیکی میں 10 روز بعد بھی متعدد دیہات سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہو سکی، زمینی رابطہ بحال نہ ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے.

دوسری جانب پنجاب میں آج سے 31 جولائی کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی ہے مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، دریاں اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا جبکہ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا.                                                                                                                                     
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات