محکمہ ایکسائز پشاور نے بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا

منگل 29 جولائی 2025 18:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) محکمہ ایکسائز پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا۔ منگل کو محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے مطابق محکمہ ایکسائز پشاور نے بین الاقوامی منشیات سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگا کر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو یونیورسٹی روڈ سے گرفتار کر لیا۔

اس حوالے سے ایکسائز خیبرپختونخوا حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم خان محمد عرف ”جے کے“ کا تعلق ضلع خیبر کے علاقے زخہ خیل سے ہے۔

(جاری ہے)

ملزم سے ہونیوالی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ نیٹ ورک فضائی راستے اور نجی ترسیلاتی کمپنیوں کے ذریعے آئس اور دیگر منشیات خلیجی ممالک سمگل کر رہا تھا۔ ملزم کے قبضے سے برآمد شدہ دو موبائل فونز مزید تجزیے کے لیے ڈائریکٹر ایف ایس ایل کو ارسال کر دیے گئے۔محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے بتایا ہے کہ بحرین میں اس نیٹ ورک کا ریسیور بھی سامنے آ گیا۔ محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے تمام ملزمان کے شناختی قواعد اور پاسپورٹ کاپی حاصل کرلی ہیں جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔