علمائے کرام کا فرض ہے کہ وہ دین کی اصل روح کو عام کریں، مفتی فیض القادری

منگل 29 جولائی 2025 19:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کے امیر اور جامعہ غوثیہ طفیلیہ، گلفشاں سوسائٹی کراچی کے مہتمم، مفتی محمد فیض القادری نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ نفرت انگیز بیانیے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور دینی مدارس کے کردار کو مثبت انداز میں اجاگر کیا جائے۔ امت مسلمہ کو متحد کرنے کے لیے علمائے کرام کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ فرقہ واریت اور تعصب دین اسلام کے لیے زہر قاتل ہے۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز جامعہ غوثیہ میں منعقدہ ''پیغامِ اتحاد امت کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، جس میں کراچی بھر سے علمائے کرام، مشائخ، طلباء اور عام عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مفتی محمد فیض القادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا مسلمان مسلکی اختلافات میں الجھ کر اپنی اصل طاقت، یعنی بھائی چارے اور وحدت، سے محروم ہوتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے میں علمائے کرام کا فرض ہے کہ وہ دین کی اصل روح کو عام کریں، اور نوجوان نسل کو برداشت، اخلاق اور اخوت کا درس دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کا مشن فقط مسلکی خدمات نہیں بلکہ پورے عالم اسلام میں امن، رواداری اور اتحاد کا پیغام پہنچانا ہے۔اس موقع پر دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا اور مفتی صاحب کی قیادت میں جاری تعلیمی، فلاحی اور روحانی کاموں کو سراہا۔کانفرنس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، اتحادِ امت، اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :