وزیراعلیٰ پنجاب کا تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدام ، ثانوی تعلیم میں بچوں کو ہنر مند بنانے کیلئے’’میٹرک ٹیک‘‘ کورسزکا اضافہ

منگل 29 جولائی 2025 19:49

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ثانوی تعلیم ) ڈاکٹر گل احمد نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدام کے تحت نوجوانوں کو دوران تعلیم ہنر مند بنانے کے لئے’’میٹرک ٹیک ‘‘نئے کورسز کا اضافہ کردیا ہے ۔ڈاکٹر گل احمد نے منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے ایک نئے تعلیمی نظریے کے تحت جہاں دیگر اہم اقدمات کئے گئے ہیں وہیں ثانوی تعلیم (میٹرک) میں نئے کورسز کا اضافہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ میٹرک ٹیک میں جو کورسز شامل ہیں ان میں آئی سی ٹی،زراعت،فیشن ڈیزائننگ جیسے کورسز شامل ہیں جن کا نصاب تیار کر کے سالانہ کروڑوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور راولپنڈی کے 31 ثانوی تعلیمی اداروں میں پہلی بار میٹرک ٹیک کی کلاسز کا آغاز ہوا ہے اور اس نئے تعلیمی نظام کو راولپنڈی کے شہریوں اور اساتذہ نے سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدام پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر گل احمد نے بتایا کہ راولپنڈی کے سکولوں میں جدید کمپیوٹر لیب اور فیشن ڈیزائننگ کے لیے فنڈز منتقل ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت روایتی تعلیم کے علاوہ بچوں کو فنی و تکنیکی تعلیم بھی مہیا کررہی ہے جس سے نہ صرف انرولمنٹ میں اضافہ ہوگا بلکہ سکولوں سے باہر بچے بھی ہنر سیکھنے کے لیے میٹرک کے نئے کورسز کی طرف راغب ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں جو بچے میٹرک کے نئے کورسز مکمل کر کے ہنر مند بنیں گے تو ہیومن ریسورسز میں اضافہ ہوگا۔