بٹگرام، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت سول ڈیفنس بارے اجلاس، ایمرجنسی رسپانس کو موثر بنانے بارے ہدایات

بدھ 30 جولائی 2025 14:56

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس) بٹگرام محمد سہیل کی زیر صدارت سول ڈیفنس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد ضلع بٹگرام میں آفات سے نمٹنے، ایمرجنسی رسپانس کو موثر بنانے اور سول ڈیفنس کی سرگرمیوں کو مزید فعال کرنے پر غور و خوص کرنا تھا۔ اجلاس میں سول ڈیفنس آفیسر بٹگرام شکیل احمد، انسٹرکٹرز سٹاف سول ڈیفنس سمیت رضاکاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے موجودہ وسائل، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے سول ڈیفنس کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ تربیتی سیشنز، رضاکاروں کی تیاری اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے۔ اُنہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تمام محکمے باہمی تعاون کے ساتھ فوری رسپانس سسٹم کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موثر اور بروقت کارروائی ممکن ہو۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ضلع بٹگرام کو آفات سے محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔