نوشہرہ ،ضلعی انتظامیہ ،محکمہ امورِ نوجوانان اور محکمہ کھیل کے زیرِ انتظام نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں میگا مون سون شجرکاری مہم کا انعقاد

بدھ 30 جولائی 2025 20:10

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)ضلعی انتظامیہ نوشہرہ، محکمہ امورِ نوجوانان نوشہرہ اور محکمہ کھیل نوشہرہ کے زیرِ انتظام نوشہرہ کی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں میگا مون سون شجرکاری مہم کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران، محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ نوشہرہ یوتھ والنٹیئرز کور کے رضاکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر درجنوں پودے لگائے گئے تاکہ ضلع نوشہرہ کو سرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ ماحول کو خوشگوار اور صحت مند بنایا جا سکے۔ شرکا نے شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پودے لگانا نہ صرف موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور بہتر ماحول کی ضمانت بھی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر محکمہ امورِ نوجوانان نوشہرہ کے آفیسر عادل خان خشگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نوشہرہ قدرتی آفات سے متاثرہ ضلع ہے اور ان آفات کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے شجرکاری مہمات کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔

ان شا اللہ محکمہ امورِ نوجوانان نوشہرہ آئندہ دنوں میں بھی اسی جذبے کے ساتھ شجرکاری مہم کو جاری رکھے گا۔بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کے افسران، محکمہ امورِ نوجوانان کے نمائندگان اور رضاکاروں نے شجرکاری کے بعد ایک آگاہی واک میں بھی حصہ لیا، جس کا مقصد عوام کو شجرکاری کی اہمیت سے روشناس کرانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا تھا۔ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں پودے لگائیں اور ان کی دیکھ بھال کریں تاکہ ضلع نوشہرہ کو قدرتی آفات سے محفوظ اور سرسبز بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :