اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نادر خان کا ناران میں پٹرول پمپوں کا معائنہ

جمعرات 31 جولائی 2025 13:40

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نادر خان نے ناران میں عوامی شکایات پر پٹرول پمپوں کا معائنہ کیا۔ اس معائنہ کا مقصد عوام کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر پٹرول پمپوں کی کارکردگی اور معیار کو جانچنا تھا۔ معائنہ کے دوران معلوم ہوا کہ بعض پٹرول پمپ مالکان آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے مقرر کردہ ضابطہ کار ایس او پیزکی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ان خلاف ورزیوں میں ناقص معیار، کم مقدار میں پٹرول دینا، صفائی کی کمی اور حفاظتی اقدامات کا فقدان شامل تھا۔

اوگرا کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعلقہ پٹرول پمپ مالکان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کارروائی کا مقصد نہ صرف قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے بلکہ عوام کو بہتر اور محفوظ سہولیات کی فراہمی کو بھی ممکن بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نادر خان نے مزید کہا کہ ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کر کے شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔ قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر اوگی نے زرعی افسر کے ہمراہ اوگی بازار میں کھاد اور زرعی ادویات فروشوں کا معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ، زائد المیعاد مصنوعات فروخت کرنے اور بغیر لائسنس کام کرنے والی دکانیں سیل کر دی گئیں۔ متعلقہ افراد کو مزید قانونی کارروائی کیلئے زرعی افسر اوگی کے دفتر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔