محتسب کا دفتر صوبے بھر کے ہزاروں متاثرین کے لیے امید کی علامت ہے، صوبائی محتسب خیبرپختونخوا

جمعرات 31 جولائی 2025 15:00

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) خیبرپختونخوا میں کام کی جگہوں پر ہراسانی سے تحفظ کی صوبائی محتسب رباب مہدی نے کہا ہے کہ محتسب کا دفتر صوبے بھر کے ہزاروں متاثرین کے لیے امید کی علامت ہے، تاہم اس کے ثمرات تب ہی عام ہوں گے جب ہم دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک اس کی رسائی کو یقینی بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کے تعاون سے انڈویجویل لینڈ اور سی پی ڈی آئی کے تحت جاری ملک گیر منصوبے کے تحت 10 رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔

وفد کی قیادت سیف اللہ کھوسو کررہے تھے ملاقات میں خواتین، خواجہ سرا افراد اور معذور افراد کو کام کی جگہوں پر درپیش بڑھتے ہوئے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ جنوبی اضلاع کے سینیئر صحافی عبدالسلام بیتاب نے اس موقع پر کہا کہ ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور ضم شدہ اضلاع کی خواتین کئی رکاوٹوں کا سامنا کرتی ہیں، جیسے کہ اسمارٹ فونز کی عدم دستیابی، ٹرانسپورٹ کا فقدان اور قانونی معاونت تک رسائی نہ ہونا۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں مقامی سطح پر تعاون کی اشد ضرورت ہے، صوبائی محتسب رباب مہدی نے وفد کے تحفظات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم وسائل کی کمی کے باوجود روزانہ ای میلز چیک کرتے ہیں، آن لائن شکایات پر کارروائی کرتے ہیں اور ورچوئل سماعتیں بھی منعقد کرتے ہیں۔ ہمارا ہدف ہے کہ ڈویژنل سطح پر فوکل پرسنز مقرر کریں تاکہ صوبے کے ہر حصے میں ہماری رسائی ممکن ہو، معذور افراد کے حقوق کی نمائندگی کرنے والے ایک رکن نے روزگار کے لیے مختص کوٹہ اور عملی مواقع میں فرق، اور معذور افراد کو عوامی مقامات پر ہراسانی کے مسائل کو اجاگر کیا۔\378