ڈپٹی کمشنر لاہور کا تحصیل کینٹ کا دورہ،گوہاوہ، سلطان کالونی اور روہی نالے کے اطراف کا جائزہ لیا

جمعرات 31 جولائی 2025 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تحصیل کینٹ کا دورہ کیا اور گوہاوہ، سلطان کالونی اور روہی نالے کے اطراف کا جائزہ لیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر فاطمہ ارشد نے ڈی سی لاہور کو انتظامی صورتحال، صفائی، سیوریج اور تجاوزات سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ شہر میں صفائی اور انتظامی امور میں بہتری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بینرز، پوسٹرز اور ہر قسم کی تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے جبکہ سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی سی لاہور نے واسا کو ہدایت دی کہ نکاسی آب کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفائی کا عمل دفتری اوقات سے قبل مکمل کر لیا جائے اور کوڑا کرکٹ روزانہ کی بنیاد پر گھروں سے اٹھایا جائے۔

انہوں نے رہائشی علاقوں میں قائم جھگیاں اور مویشیوں کے باڑے فوری ختم کرنے اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے سے روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) شاہد عباس کاٹھیا، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :