فیصل آباد میں واسا ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی کارروائیاں، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید 4 صنعتی یونٹس سیل

جمعرات 31 جولائی 2025 18:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) واسا فیصل آباد،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی مشترکہ کاروائیوں کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید4 صنعتی یونٹس سیل کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی جانب سے شہر بھر میں قائم صنعتی یونٹس کی انسپکشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں واسا فیصل آباد، ضلعی انتظامیہ، محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران شامل تھے اور انہیں ایسے صنعتی یونٹس جو کہ واسا اور تحفظ ماحولیات کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد نہیں کررہے تھے ان کی انسپکشن کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس ضمن میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ شہری علاقوں میں قائم صنعتی یونٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے تھے جس میں انہیں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے یا پھر سیپٹک اور سلٹ ٹینک تعمیر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور واضح کیا گیا تھا کہ وہ ان ہدایات پر عملدرآمد کریں بصورت ان کے صنعتی یونٹس سیل کر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز واسا فیصل آباد، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران پر مشتمل ٹیم نے سمن آباد کے علاقہ مجاہد آباد میں مختلف صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی اور جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر4 صنعتی یونٹس کو سیل کر دیاگیا جس کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو بھجوا دی گئی ہے۔

ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ مون سون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے لیکن ایسے صنعتی یونٹس جو اپنا ویسٹ واٹر ڈائریکٹ واسا کی سیوریج لائنز میں ڈالتے ہیں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکے ہیں جس پر ایک طرف شہریوں کو سیوریج کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ دوسری طرف واسا فیلڈ سٹاف پر کام کا بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام صنعتی یونٹس جاری کردہ ایس او پیز پر بھرپور عملدرآمد کریں بصورت دیگر ان کے یونٹس سیل کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :