ریجنل ٹیکس آفس ملتان کی جانب سے نادہندہگان سے ٹیکس ریکوری کیلئے مہم کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات 31 جولائی 2025 19:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ریجنل ٹیکس آفس ملتان کی جانب سےنادہندہگان سے ٹیکس ریکوری کیلئے مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ملتان کے نادہندہ بڑے صنعتی گروپس کو ٹیکس ریکوری کیلئے حتمی نوٹسز جاری کر دیئے گئے، ٹیکس نادہندہ کمپنیوں کے امپورٹ ایکسپورٹ اورریفنڈزبھی بند کردئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آرکی جانب سے ٹیکس کلیکشن میں اضافے اور ریونیو کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ٹیکس نادہندہگان کیخلاف سخت اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس سلسہ میں آر ٹی اوملتان کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو ملتان نے نادہندگان کوریکوری نوٹسز جاری کر دئیے ہیں،جس میں واجب الادا ٹیکس کی ریکوری قومی خزانے میں جمع کرانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رومی فیبرکس ملتان کے ذمہ سیلز ٹیکس کی ریکوری مبلغ 15546592 عرصہ چار سال سے زیر التوا میں تھی جس پر رومی فیبرکس لمیٹڈ ملتان نے اپیل دائر کر رکھی تھی جبکہ اپیلیٹ ٹریبونل (ان لینڈ ریونیو) ملتان بینچ نے 28 اگست 2023 کو مذکورہ کمپنی کی اپیل خارج کر دی اور محکمہ کی طرف سے عائد کیا گیا اورٹیکس کنفرم کردیا ہےلیکن عرصہ چار سال گزرنے کے باوجود مذکورہ ٹیکس نادہندہ کمپنی نے ابھی تک واجب الادا سیلز ٹیکس کی رقم جمع نہیں کروائی ہے۔

دیگر نادہندگان میں کوہ نور چپ بورڈ انڈسٹریز ساڑھے پانچ کروڑ روپے ، مظفر گڑھ میں عامر اعظم کاٹن انڈسٹریز لمیٹڈ 1065269 روپے اور مہر دستگیر لیدر اینڈ فٹ ویئر لمیٹڈ ملتان تقریباً ایک کروڑ روپے شامل ہیں۔ ریجنل ٹیکس آفس ملتان نے ان تمام نادہندگان سے ریکوری کیلئے کمر کس لی ہے کیونکہ یہ نادہندگان عرصہ دراز سے ٹال مٹول سے کام لے رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :