گلستان جوہر میں مخدو ش عمارتوں کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنا قبول نہیں، منعم ظفر خان

مکینوں سے مکمل تعاون کریں گے، ادارہ نور حق میں مختلف فلیٹوں کی ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے گفتگو و یقین دہانی امیر ضلع شرقی نعیم اختر کی قیادت میں وفد کی سی ای او فیصل کنٹونمنٹ بورڈسے ملاقات، مکینوں کے تحفظات اور تجاویز پیش کیں

جمعرات 31 جولائی 2025 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ مخدوش عمارتوں کے نام پر شہریوں کو ہراساں و تنگ کرنا قبول نہیں، گلستان جوہر میں مختلف فلیٹوں کی ایسوسی ایشن کو بلڈنگز کی مینٹینس اور سہولتوں کی کمی دور کرنے میں رہنمائی فراہم کی جائے، کنٹونمنٹ بورڈ کا دہرا معیار ہے، سول علاقوں سے ٹیکس تو لیتے ہیں لیکن کوئی بھی بلدیاتی کام نہیں کرتے جس کے باعث ان کے زیر انتظام علاقوں میں بلدیاتی مسائل کی بدترین صورتحال ہے،کنٹونمنٹ بورڈ اور ایس بی سی اے دونوں کی کارکردگی غیر اطمینان بخش ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں گلستان جوہر کے مختلف فلیٹوں سے آنے والے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں رابعہ سٹی سمیت فیصل کنٹونمنٹ کے مختلف وارڈ کے فلیٹوں کی ایسوسی ایشن کے عہدیدار شامل تھے، جنہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں گلستان جوہر میں تعمیر شدہ فلیٹس پر مشتمل عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے جبکہ یہ تعمیرات نہ بہت زیادہ پرانی ہیں اور نہ ہی مخدوش، اس سلسلے میں فیصل کنٹونمنٹ کے عملے نے کوئی معائنہ کیا نہ عمارتوں کی مضبوطی کا کوئی ٹیسٹ کیا گیا، نہ ہی ان کے مکینوں سے ملاقات کی اور بلا کسی جواز کے نوٹس جاری کرکے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا گیا ہے، منعم ظفر خان نے وفد کو جماعت اسلامی کی جانب سے مکمل حمایت اور ہرطرح کی قانونی امداد و تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ یہ ادارے عوام کی فلاح کے لیے کوئی کام کرنے کے بجائے شہریوں کے لیے ذہنی و جسمانی اذیت کا سبب بن رہے ہیں، فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے نوٹس غیر قانونی اور بلا جواز ہیں، اس سے مکینوں میں پیدا ہونے والاخوف و ہراس انتہائی افسوس ناک ہے، اس صورتحال میں املا ک کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے جس سے لوگوں کو مالی نقصان پہنچ سکتا ہے، انہو ں نے کہا کہ ہمارا انجینئرزفورم موجود ہے، ہم فلیٹوں کے مکینوں اور مالکان کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں اور انجینئرز فورم سے وابستہ انجینئرزاپنی تکنیکی مدد فراہم کریں گے،اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی اور اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، امیر ضلع شرقی نعیم اختر اور پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی کے صدر سید قطب احمد، سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی کراچی نجیب ایوبی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد میں فیصل کنٹونمنٹ وارڈ 5 بلاک 19 کے شمائل گارڈن،سپریم کیسٹل،گلشن کمپلکس،فرحان پیراڈائیز،فریال پیراڈائیز،ویلکم سینٹر،ویلکم ٹیرس،لاکھانی ہائٹس،سمبو ویو، کلاسک ویو، پاک ایونیو،وی آئی پی اپارٹمنٹ،وارڈ 6 بلاک 20 کے فرحان ٹاور،نعمان ایونیو،سنی پرائڈ،ایمپائرسینٹر،فراز ایونیو،بلیس ٹاور،ویلکیم ٹیرس، وارڈ 7بلاک 17 کے شالیمار شاپنگ سینٹر،حنید سٹی،اقرا کمپلیکس،نعمان گرینڈ سٹی،منیر ہیون،ہارون رائل سٹی، وارڈ 8 بلاک 18 کے بلیس پیراڈائیز،جوہر اسکوائر، بلیس ہائٹس،بیت الحنا، وارڈ 9 بلاک 13اور14 کے فراز ویو،کارنش کمفرٹس، روز گارڈن، راڈو لیوینا،کریسنٹ ویو،اسٹار بلیسنگ، فارٹ کارنر، سنگاپور ٹاور، وارڈ10 بلاک 12 کے المصور ٹاور،کلاسک ہائٹس، بمبیا ہائٹس، اون اپارٹمنٹ،اسٹار بلیسنگ کے مکین اور ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل تھے۔

دریں اثنا جماعت اسلامی کے وفد نے امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر کی قیادت میں فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس اور مخدوش عمارتوں کی فہرست کے باعث عوام میں بڑھتی تشویش و بے چینی کے حوالے سے سی ای او فیصل کنٹونمنٹ بورڈ حیدر علی سیال سے ملاقات کی، پیدا شدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا، عمارتوں کے مکینوں کے تحفظات سے آگاہ اور اپنی تجاویز پیش کیں۔وفد میں منتخب وارڈ کونسلر و ڈپٹی سیکریٹری کراچی ابن الحسن ہاشمی، صدر پبلک ایڈ ضلع شرقی سید قطب و دیگر ذمہ داران شامل تھے۔