Live Updates

لکی مروت میں مارٹر گولا پھٹنے سے 5 بچے جاں بحق، خاتون سمیت 12 زخمی

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں اور جاں بحق بچوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 اگست 2025 13:05

لکی مروت میں مارٹر گولا پھٹنے سے 5 بچے جاں بحق، خاتون سمیت 12 زخمی
لکی مروت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2025ء ) لکی مروت میں مارٹر گولا پھٹنے سے 5 بچے جاں بحق اور خاتون سمیت 12 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت کے تھانہ صدر کی حدود میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک مارٹر گولا پھٹنے سے 5 بچے جاں بحق اور ایک خاتون اور 11 بچوں سمیت 12 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو ایک کھلے میدان میں کھیلتے ہوئے وہاں سے مارٹر گولا ملا جسے وہ کوئی کھیلنے کی چیز سمجھ کر اٹھا کر گھر لے گئے لیکن گھر پہنچنے کے بعد گولہ اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں خوفناک دھماکہ ہوا اور اس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، اس واقعے کی وجہ سے مقامی افراد میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، ہسپتال ذرائع نے تصدیق کی کہ 12 زخمیوں میں زیادہ تر بچے ہیں جن میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ بھی علاقے میں مزید مارٹر شیلز کی موجودگی کا جائزہ لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں لکی مروت میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ لکی مروت میں قلعہ گراؤنڈ کے قریب کچی آبادی میں پیش آیا جہاں بارش کی وجہ سے خستہ حال کچے مکان کی چھت گر گئی جس کے باعث 3 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں شوکت اللہ اور 2 خواتین شامل ہیں، اس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی نعشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نورنگ منتقل کر دیا گیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات