نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک میں چینی کی دستیابی کی صورتحال کے حوالے سے کمیٹی کا جائزہ اجلاس

جمعرات 31 جولائی 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک میں چینی کی دستیابی کی صورتحال کے حوالے سے کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزیر برائے خوراک، خصوصی معاون وزیراعظم طارق باجوہ، کابینہ ڈویژن، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، اور وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹریز کے علاوہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے صوبوں کے متفقہ اطلاع شدہ نرخوں کے مطابق چینی کی درآمد اور مارکیٹ کی قیمتوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اگرچہ قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، لیکن یہ بات نوٹ کی گئی کہ مارکیٹ ریٹس اطلاع شدہ سطح سے کچھ زیادہ ہیں۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ درآمد شدہ چینی کے ستمبر کے آخر تک کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔ نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ نے قیمتوں میں استحکام، بنیادی اشیاء کی مناسب فراہمی اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی عزم کی تصدیق کی۔