جامعہ مہران جامشورو میں معرکۂ حق و یومِ آزادی کی تقریبات کا اعلان

جمعہ 1 اگست 2025 13:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں اس سال یکم سے 14 اگست تک جشنِ آزادی کی تقریبات "معرکۂ حق و یومِ آزادی" کے عنوان سے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیں گی۔ اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی کی زیرِ صدارت وی سی سیکریٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم اگست سے جامعہ کی مرکزی گذرگاہوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے اور عمارات کو چراغاں کیا جائے گا، جبکہ 5 اگست کو شجرکاری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تقریری مقابلے، قومی نغموں کے مقابلے، کھیلوں کے ایونٹس، مینا بازار، میراتھن ریس اور ڈرامہ پرفارمنسز سمیت مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ دشمن کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے بعد قوم میں جوش و جذبہ دیکھنے کے قابل ہے، اسی لیے اس سال یومِ آزادی کو بڑھ چڑھ کر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی کو فروغ دیا جائے گا۔ 13 اگست کو اسپیشل بچوں کے اسکولوں میں جا کر آزادی کی خوشیاں منائی جائیں گی اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ 14 اگست کو مرکزی تقریب جامعہ کے واٹر سینٹر آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی، جس میں پرچم کشائی، مٹھائی کی تقسیم اور قومی نغموں کی پرفارمنسز شامل ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :