بچوں کی بہتر پرورش اور حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،سارہ احمد

جمعہ 1 اگست 2025 14:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور رکن صوبائی اسمبلی پنجاب، سارہ احمد نے مثبت والدین کے رویے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی بہتر پرورش اور حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نیاپنے جاری بیان میں والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں اور ان میں اعتماد پیدا کریں تاکہ وہ اپنے مسائل بلا جھجک بیان کر سکیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ والدین کی عدم توجہ کے باعث بچے اجنبی افراد سے میل جول بڑھاتے ہیں جو ان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔سارہ احمد نے کہا کہ کسی اجنبی پر ہرگز اعتماد نہ کیا جائے اور نہ ہی بچوں کو کسی اجنبی کے ساتھ بھیجا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں پر عدم توجہ کے نتیجے میں ان کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے واقعات جنم لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی بچے کے ساتھ زیادتی، تشدد یا استحصال کا کوئی واقعہ پیش آئے تو فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دی جائے۔

سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کو محبت اور پیار دینا ان کا بنیادی حق ہے، اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ محبت بھرے رویے اپنائیں تاکہ وہ ایک محفوظ اور پراعتماد ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔