اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی ملاقات،ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو

جمعہ 1 اگست 2025 17:49

اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر قومی مفاد کا تحفظ اور معاشی ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ وہاں کے عوام کے اندر پایا جانے والا احساس محرومی ختم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کی ترقی، قومی یکجہتی اور دیرپا استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ترقی اور سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔دونوں رہنماؤں نے مختلف قومی امور پر ہم آہنگی اور اتفاقِ رائے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اور مربوط فیصلے کیے جائیں گے۔