ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کے ابتدائی تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں، ایم ڈی واسا

جمعہ 1 اگست 2025 22:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا ہے کہ ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کے ابتدائی تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور آئندہ ایک ہفتے میں لون ایگریمنٹ پر دستخط ہونے کے بعد پراجیکٹ پر باضابطہ طور پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری، پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا کاہلوں، ڈپٹی ڈائریکٹر فیضان شکور اور پی ایم یو کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے مزید کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ فیصل آباد کے شہریوں کے لئے کسی تحفہ سے کم نہیں کیونکہ پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی سے نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کے لئے کنٹریکٹرز کی سلیکشن ہو چکی ہے جبکہ یہ پراجیکٹ فارن فنڈنگ سے مکمل کیا جائے گا ،اس لئے تعمیراتی کاموں کے دوران کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے جبکہ منصوبے کے تعمیراتی کاموں کو مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جانا چاہئے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر نے مزید کہا کہ ڈنمارک کے تعاون سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا میگا پراجیکٹ عوامی فلاح کا انقلابی منصوبہ ہے کیونکہ دنیا بھر میں فضائی اور ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اسی تناظر میں ڈنمارک فنڈنگ ایجنسی اور واسا فیصل آباد مشترکہ طور پر اس پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں اور اس منصوبے کی تکمیل پر شہر کے مشرقی حصے کے ویسٹ واٹر کو ٹریٹمنٹ کے بعد فصلوں کے لئے کارآمد بنایا جائے گا۔