سعودی وزیر داخلہ کا فرانس کے شہر لیون میں انٹرپول کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ،اعلی ترین میڈل سے نوازا گیا

ہفتہ 2 اگست 2025 10:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے فرانس کے شہر لیون میں انٹرپول کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا،اس موقع پر انٹرپول کے صدر میجرجنرل ڈاکٹر احمد ناصر الرئیسی نے ان کا خیرمقدم کیا۔اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر داخلہ کو مملکت کے تعاون اور جرائم سے نمٹنے کے حوالے سےعالمی تنظیم کی کوششوں میں تعاون کے اعتراف میں اعلی ترین انٹرپول میڈل دیا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت داخلہ اور انٹرپول کے درمیان سرحد پار جرائم سے نمٹنے اور سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے شعبے میں شراکت داری بڑھانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے کے دوران سعودی وزیر داخلہ نے انٹرپول کے لیے مملکت کی جاری سپورٹ اور انٹرنیشنل کرائمز سے نمٹنے کےلیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے بین الاقوامی سکیورٹی کوششوں کی سپورٹ اور دنیا بھر میں سکیورٹی ایجنسیزکے درمیان تعاون کو بڑھانے میں انٹرپول کے کردار کی بھی تعریف کی۔یاد رہےکہ انٹرپول کے موجودہ صدر کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے۔ ڈاکٹر احمد ناصر الرئیسی کو نومبر 2021 میں استنبول میں 89 ویں جنرل اسمبلی کے دوران منتخب کیا گیا تھا، ان کی مدت رواں سال ختم ہورہی ہے۔